اہم خبریں

اس کیٹا گری میں 922 خبریں موجود ہیں

چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ عوام کی حمایت سے دہشت گردوں اور انکے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دیں گے، دہشت گرد جہاں کہیں بھی ہوں گے انہیں سختی سے نشانہ بنائیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں صوبے کی سیکیورٹی صورت حال، دہشتگردی کے خلاف جاری کارروائیوں، سرحدی انتظامات اور تعینات فوجی دستوں کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ خطرات سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے مسلسل چوکس رہیں اور آپریشنل تیاری کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شہدا اور سیکیورٹی فورسز کے غازیوں سمیت پاکستانی عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی حمایت سے پاکستان دہشتگردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو فیصلہ کن شکست دے گا۔ چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مہم بھرپور طریقے سے جاری رہے گی، دہشت گرد جہاں کہیں بھی ہوں گے انہیں سختی سے نشانہ بنائیں گے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق کور ہیڈکوارٹرز آمد پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کیا۔