بلوچستان میں دہشت گردوں کی سڑک بند کرنے کی کوشش ناکام،17 دہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہید

کوئٹہ: بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں سکیورٹی فورسز کی دو انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران 17 دہشت گرد ہلاک جبکہ پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یکم نومبر کو بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر دونوں اضلاع میں کارروائیاں کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی ضلع کچھی کے علاقے سنی میں کی گئی، جہاں دہشت گرد شہر میں سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کی کوشش ناکام بنادی، جس کے نتیجے میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

دوسری کارروائی ضلع خاران میں کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا ایک ٹھکانہ تباہ کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سات بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ اس کارروائی کے دوران بھی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران پاک فوج کے 25 سالہ سپاہی حکمت اللہ نے جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع کرک سے تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید کسی دہشت گرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھی جائیں گی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کارروائیوں میں 17 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور شہید سپاہی حکمت اللہ کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ وطن کے دفاع اور امن و سلامتی کے لیے سپاہی حکمت اللہ کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے شہید کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانے پر اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

انہوں نے شہید سپاہی حکمت اللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر جوان قوم کا فخر ہیں اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں