ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ خلیجی تعاون کونسل کے رکن ممالک سے ایران کی کوئی دشمنی نہیں، ایران خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات اور علاقائی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
الجزیرہ کو انٹرویو میں عباس عراقچی نے کہا کہ ایران سعودی عرب کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ جاری رکھے گا، قطر اور عمان کے مثبت سفارتی کردار کو سراہتے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں سلامتی کے نئے انتظامات علاقائی ممالک کی قیادت میں ہونے چاہئیں، علاقائی سلامتی کے نظام میں غیر ملکی طاقتوں کی فوجی موجودگی نہیں چاہتے، خطے کے ممالک اپنی سلامتی کے معاملات خود طے کریں۔
دوسری جانب خبر ایجنسی رائٹرز سے گفتگو میں سینیئر ایرانی عہدیدار نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان اختلافات کم کرنے کیلئے ثالثوں کی کوششیں جاری ہیں، امریکا نے دوبارہ حملے کیے تو ایران بھرپور جوابی کارروائی کیلئے تیار ہے، امریکی حملوں کا جواب صرف خطے تک محدود نہیں رہے گا، خطے سے باہر بھی کارروائی کرسکتے ہیں۔
ایرانی عہدیدار نے مزید کہا کہ امریکا آبنائے ہرمز دوبارہ کھلوانا چاہتا ہے تو پہلے ایران کی شرائط پوری کرے، ایران کی شرائط پوری ہونے کے بعد ہی جوہری مذاکرات شروع ہوسکتے ہیں۔