مریم نواز کا اٹک میں 23 ارب روپے کے 127 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اٹک آمد پر شہریوں کی بڑی تعداد نے پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر عوام کا جم غفیر جمع ہوگیا، انہوں نے سکیورٹی ہٹا کر شہریوں کو اپنے قریب بلا لیا اور بچوں کو ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے لیے مدعو کیا۔

 

افتتاح کیے جانے والے سڑکوں کے منصوبوں میں فتح جنگ پنڈی گھیب روڈ، ڈھوک لاہم تا جھمات روڈ اور مٹھیال چوک تا ڈھوک پٹھان روڈ سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔

 

کامسیٹس یونیورسٹی کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ گلہ منڈی کے افتتاح کے دوران ایک بچی ہجوم کو عبور کرکے آٹوگراف لینے ان کے پاس آگئی تھی، لوگوں کا خیال تھا کہ وزیراعلیٰ بننے کے ایک سال بعد عوام مریم نواز سے سوالات کریں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ ماضی میں لوگوں کی عادت تھی کہ عوام کو سٹیج سے نیچے گرا دیا جاتا تھا، تاہم وہ عوام کے درمیان رہنے اور ان سے براہ راست رابطے کو اہمیت دیتی ہیں۔

 

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مشکلات سے گھبرانا نہیں چاہیے اور نہ ہی ہمت ہارنی چاہیے، آگ کے دریا سے گزرنا پڑتا ہے اور جیلیں بھی کاٹنی پڑتی ہیں، اس لیے دل چھوٹا نہیں کرنا چاہیے، عوام کی خدمت کرکے جو سکون ملتا ہے، وہ کہیں اور نہیں ملتا۔

 

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج ہونہار بچے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے، اٹک کے بازار کو اتنا خوبصورت بنایا گیا ہے کہ اس نے لبرٹی مارکیٹ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، بارش کے بعد پانی میں ڈوبنے والے اٹک شہر کے مسائل حل کرنے کے لیے اربوں روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

 

کرپشن کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ کوئی ثابت کردے کہ انہوں نے ایک روپیہ بھی کرپشن کی ہے تو وہ اللہ اور عوام کے سامنے جوابدہ ہوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں