ایشیائی ترقیاتی بینک کے جنوبی، وسطی اور مغربی ایشیا کے نائب صدر ینگ منگ یانگ سے ملاقات میں کراچی سے پشاور تک مین لائن ون (ایم ایل ون) ریلوے کوریڈور کی جدید خطوط پر اپ گریڈیشن کو خصوصی اہمیت حاصل رہی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن ملکی ترجیحات میں شامل اہم ترین انفراسٹرکچر منصوبوں میں سے ایک ہے، جس سے مال برداری کا نظام جدید بنانے، علاقائی تجارتی روابط مستحکم کرنے اور بڑے صنعتی منصوبوں کی معاونت میں مدد ملے گی۔
انہوں نے ایم ایل ون منصوبے پر جلد عملی کام شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا بروقت آغاز ملکی انفراسٹرکچر کی ترقی اور جدید سفری و تجارتی رابطوں کے لیے انتہائی اہم ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے جنوبی، وسطی اور مغربی ایشیا کے نائب صدر ینگ منگ یانگ سے ناشتے پر ملاقات میں پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط ترقیاتی شراکت داری کا جائزہ لیا گیا جبکہ نئی کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹیجی 2026 تا 2030 کے تحت ترجیحی منصوبوں اور شعبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔