بنوں اورکرک کی سرحد پر واقع ختم نبوت چوک میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نےکہا کہ یہ ٹیسٹ میچ ہے، دو دن بعد اسے ٹی ٹوئنٹی میچ بنائیں گے، یہ جنگ صرف پشتونوں کی نہیں پورے پاکستان کی جنگ ہے۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ میرے لیڈر نے امریکا اور میں نے بند کمروں کے فیصلہ سازوں کو ایبسلوٹلی ناٹ کہا، کل شام بانی پی ٹی آئی اور پشتونوں کے وزیراعلیٰ نے ملٹری آپریشنز اور ڈرون اٹیکس کو ایبسلوٹلی ناٹ کہا ہے، اب خیبر پختونخوا کے عوام کے فیصلے صوبے میں ہی ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بار بار کہتے ہیں کہ 22 سال سے جو پالسی آپ نافذ کر رہے ہیں اس سے دہشت گردی بڑھ رہی ہے، ہم نے امن صرف بانی پی ٹی آئی کے ساڑھے تین سالوں میں دیکھا ہے، ہم ہراس پالیسی کو ایبسلوٹلی ناٹ کہیں گے جو عوام کے حق میں نہیں ہوگی۔ سہیل آفریدی نےکہا کہ میرے پاس بندوقیں نہیں صرف عوامی طاقت ہے، ساؤتھ ریجن کے عوام نے ہر اس پالیسی کو مسترد کیا جو ان کے حق میں نہیں، پوری قوم چاہتی ہے بانی پی ٹی آئی باہر آئیں اور ملک کی قیادت سنبھالیں۔ ادھر وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایکس پر پیغام میں لکھا کہ وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے لانگ مارچ میں شرکت کے لیے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کیا، پشاور سے لکی مروت تک سہیل آفریدی کا ہیلی کاپٹر پر سفر غالباً سرکاری امور کے لیے تھا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کو پسِ پشت ڈال کر سرکاری ہیلی کاپٹر پر لانگ مارچ کے لیے لکی مروت پہنچ گئے۔

 

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 18 ستمبر کو پی ٹی آئی لانگ مارچ سے متعلق 37 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا، عدالت نے صوبائی حکومتوں، بشمول وزرائے اعلیٰ، کو سیاسی مارچ یا احتجاج کے لیے سرکاری وسائل استعمال نہ کرنے کا واضح حکم دیا تھا۔

 

عدالتی فیصلے کے مطابق اسلام آباد کی طرف جانے والے کسی بھی مارچ یا سیاسی احتجاج کے لیے سرکاری فنڈز، گاڑیوں، ہیلی کاپٹر، سرکاری اہلکاروں یا مشینری کا استعمال نہیں کیا جائے گا، عدالت نے یہ بھی قرار دیا تھا کہ پرامن احتجاج آئینی حق ہے، تاہم اسلحہ ساتھ لانے کی اجازت نہیں۔

 

انٹیلیجنس ذرائع کے مطابق سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر میں پی ٹی آئی لانگ مارچ کے شرکاء میں سالٹ رائفلز سے لیس مسلح افراد موجود ہیں۔

 

انٹیلیجنس ذرائع کے مطابق تصویر میں ہتھیار کے ساتھ نظر آنے والے افراد میں سے ایک کی شناخت خارجی گل بہادر گروپ کے اہلکار خارجی شہیداللہ عرف غازی کے طور پر ہوئی ہے، خارجی شہیداللہ عرف غازی مکین کا رہائشی ہے اور متعدد دہشت گرد حملوں میں حصہ لے چکا ہے۔

 

انٹیلیجنس ذرائع کے مطابق مارچ کی آڑ میں چھپے دوسرے دہشت گردوں کی نشاندہی کا عمل بھی جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں